کلیاتِ صائب جعفری (نظم و نثر)

جنوری سن ۲۰۱۲ سے حقیر نے صائب تخلص اختیار اس سے قبل تخلص محسن تھا

کلیاتِ صائب جعفری (نظم و نثر)

جنوری سن ۲۰۱۲ سے حقیر نے صائب تخلص اختیار اس سے قبل تخلص محسن تھا

تقاضہ ہوگیا پورا بصارت کا بصیرت سے

نبوت ہوگئی سرشار دیدارِ امامت سے

اتارا مہبطِ عصمت پہ رب نے سورہِ کوثر

بھری آغوشِ زہرا رب نے قرآں کی عبارت سے

مدینے کی زمیں پر رشک فرمانے لگا کعبہ

حسن کا نور پھیلا چار سو کچھ ایسی ندرت سے

ولایت سے جدا کیجے اگر ابنِ علی کا تن

وجودِ بے کراں چھن جائے گا ہر اک حقیقت سے

نبی کے خلق کا پرچار کرتے ہیں حسن ہر دم

صداقت سے امانت سےنصیحت سے وصیت سے

رہے میدان میں قائم عجب صبرو سکوں کے ساتھ

کیا پھر صلح نامہ مہر کس حسنِ شجاعت سے

ہوئی سر کربلا صلحِ حسن کا آئینہ بن کر

تھا نقشہ فتح کا کھینچا حسن نے کس لیاقت سے

ابو سفیان نے کھائی تھی صلحِ مصطفیٰ سے مات

پسر ہندہ کا حیراں رہ گیا تیری سیاست سے

جوابِ سبِّ دشمن کر دیا تو نے کرامت کو

خجل ہے حاتمِ طائی اس اندازِ کرامت سے

طلب گارِ رضائے رب، حسن کے در پہ سر رکھ دے

ہیں جلوہ فرما دنیا میں یہ عنوانِ مشیت سے

نہ میں قوّال ہوں کوئی نہ مجھ میں ہے ادا کاری

نہ ہاو و ہو مجھے درکار ہے اس فن کی دولت سے

نمود و نام کی پروا نہ مال و زر کی خواہش ہے

سروکار اپنا ہے بس مصطفیٰ کے گھر کی مدحت سے

میں مے خوارِ مئے عرفاں ہوں، دنیا کے جھمیلوں میں

ہے جائے شکر کہ بہکا نہیں ہوں اپنی فطرت سے

جسے فکرِ حسن کے خال و خد سے ہو شناسائی

سرِ مو ہٹ نہیں سکتا وہ پھر عہدِ امانت سے

اگر ہے آپ کا شیدا تو پھر آشوبِ عالم میں

پھرا کر پیٹھ بھاگے گا نہیں وہ حق کی نصرت سے

تمہارے نقشِ پا نے معنئِ تسلیم سمجھائے

مجسم ہوگئی طاعت تمہارے طرزِ طاعت سے

شبہ کی کوئی گنجائش نہ اس میں شک کا اندیشہ

حسن کے ذکر کی دولت ہے بہتر ہر امارت سے

نہ دھڑکا ہے جہنم کا نہ رغبت خلد کی صائب

چلا جاوں گا جس جا بھیج دو گے تم رضایت سے

۲۱ مئی ۲۰۱۹، ۱۵ رمضان المبارک ۱۴۴۰ قم المقدسہ

نظرات  (۰)

هیچ نظری هنوز ثبت نشده است

ارسال نظر

ارسال نظر آزاد است، اما اگر قبلا در بیان ثبت نام کرده اید می توانید ابتدا وارد شوید.
شما میتوانید از این تگهای html استفاده کنید:
<b> یا <strong>، <em> یا <i>، <u>، <strike> یا <s>، <sup>، <sub>، <blockquote>، <code>، <pre>، <hr>، <br>، <p>، <a href="" title="">، <span style="">، <div align="">
تجدید کد امنیتی