کلیاتِ صائب جعفری (نظم و نثر)

جنوری سن ۲۰۱۲ سے حقیر نے صائب تخلص اختیار اس سے قبل تخلص محسن تھا

کلیاتِ صائب جعفری (نظم و نثر)

جنوری سن ۲۰۱۲ سے حقیر نے صائب تخلص اختیار اس سے قبل تخلص محسن تھا


عالم کون کی تعلیل  علی جانتے ہیں

لوحِ محفوظ کی تحلیل علی جانتے ہیں

نور بر دوش ہے کعبہ کی زمیں ، تو قدسی

آپ کے نور کی تجلیل علی جانتے ہیں

اس لئے گود میں احمد کی سنایا قرآں

قبلِ تنزیل بھی تاویل علی جانتے ہیں

کون مشکوٰۃ ہے مصباح ہے کیا کیا ہے زجاج

کیا ہے کوکب یہ تمثیل علی جانتے ہیں

کھنکھناتی ہوئی مٹی میں ڈلی کیسے روح

کیسے آدم ہوئے تشکیل علی جانتے ہیں

طائرِ سدرہ کے ادراک سے باہر ہے مگر

قاب قوسین کی تفصیل علی جانتے ہیں

ان کو معلوم ہے افلاک سے باہر کیا ہے

کیا ہے پوشیدہ تہہِ نیل علی جانتے ہیں

طُور کے بعد دکھانا ہے تجلی کس جا

بے خبر اس سے ہیں جبریل علی جانتے ہیں

"ہُو" کے عالم میں جو گونجی تھی صدا وہ کیا تھی

کیا ہے ناقوس سرافیل علی جانتے ہیں

تہہ بہ تہہ شرک کے اندھیاروں میں روشن کرنا

نورِ توحید کی قندیل علی جانتے ہیں

"عشرت قطرہ ہے دریا میں فنا ہو جانا"

اس فنا ہونے کی تکمیل علی جانتے ہیں

کیوں نہ دیں شان سے منبر پہ سلونی کے اذاں

دونوں عالم کی تفاصیل علی جانتے ہیں

بنی نجران بھی خیبر کے یہودی بھی گواہ

ہو وہ تورات یا انجیل علی جانتے ہیں

درِ خیبر بھی ہے جلتا ہوا در بھی شاہد

حکمِ معبود کی تعمیل علی جانتے ہیں

کون سا وقت ہے چپ سادھ لی جائے پئے دیں

کب کہاں کرنی ہے تعجیل علی جانتے ہیں

عصفِ ماکول کیا جائے گا کیسے اس کو

یہ جو صفین میں ہے فیل علی جانتے ہیں

جا پڑے مثلِ ابابیل علی لشکر پر

تیغ برسائے کی سجِّیل علی جانتے ہیں

جز علی ہو نہ سکا نفس نبی کوئی کہ یوں

کیا محمد کا ہے تخییل علی جانتے ہیں 

ہو وہ بخِِ کی صدا یا ہو وہ "لولاک علی"

دشمنِ حق کی ہے تذلیل علی جانتے ہیں

دشمنی کر نہ علی سے اے نصیری ناداں

کیا حقیقت میں ہے تہلیل علی جانتے ہیں

مطمئن اس لئے میثم  ہیں زباں کٹنے پر

کیا ہوا حاصل تحصیل علی جانتے ہیں

دل کو تحویل میں حیدر کی ذرا دے کے تو دیکھ

کس طرح ہوگا یہ تحویل علی جانتے ہیں

کیوں پریشاں ہے گدائے در حیدر قسمت

کیسے کی جاتی ہے تبدیل علی جانتے ہیں

کام کیا لوگوں کی تنقید سے تحسین سے جب

لحنِ صائب تری ترتیل علی جانتے ہیں

۲۵ مارچ ۲۰۱۷، ۲۶ جمادی الآخر ۱۴۳۸

نظرات  (۰)

هیچ نظری هنوز ثبت نشده است

ارسال نظر

ارسال نظر آزاد است، اما اگر قبلا در بیان ثبت نام کرده اید می توانید ابتدا وارد شوید.
شما میتوانید از این تگهای html استفاده کنید:
<b> یا <strong>، <em> یا <i>، <u>، <strike> یا <s>، <sup>، <sub>، <blockquote>، <code>، <pre>، <hr>، <br>، <p>، <a href="" title="">، <span style="">، <div align="">
تجدید کد امنیتی