علیؑ اور علیؑ کے بیٹے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سب سے اعلیٰ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
رب کا جلوہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
جس کے بارے میں خدا، حشر میں پوچھے گا ضرور
وہ اثاثہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
کامیابی ہے اطاعت میں انہی کی پنہاں
حق کا رستہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
پرچم دینِ خدا دہر پہ لہرانے کو
رب کا نقشہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
جس کو کہتا ہے جہاں رب کی مشیّت، رب کا
وہ ارادہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
اتنے شیطان پرستوں میں بھی خالق کے حضور
سر بسجدہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
کارزاروں میں پئے حفظ و دفاع اسلام
ایستادہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
۔۔۔۔۔ بکبکاہٹ ۔۔۔۔۔
ان کے فرمان پہ کب کان دھرے امت نے
گو کہ مولا ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
ہائے مظلومیت آل نبیﷺ دیکھے کوئی
اب بھی تنہا ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
حمزۂ و مالک و عمّار تہہِ تیغ ہوئے
اب نشانہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
چودہ صدیوں سے جہالت کی اُپی تیغوں کے
زخم خوردہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
یوں نہ امریکہ و صہیون سے کر صلح کی بات
رکھ عقیدہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
اپنی چالوں سے نہ کر لشکر حق کی تضعیف
جان، ورنہ ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
شرم کر، ہو نہ یوں مرعوبِ ابوجہل، اگر
تیرے آقا ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
خائنو! بیچ لو خونِ شہداء تم لیکن
یاد رکھنا ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
ہیں ’اولی الامر‘ ہمارے تو مگر تیرے لئے
تو بتا کیا ہیں؟ علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
تو خوارج کی جماعت سے نہیں ہے تو تجھے
خوف کیا؟ تا ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
اب کے صفّین نہیں کرب و بلا کر تیّار
پھر مہیّا ہیں علیؑ اور علیؑ کے بیٹے
صائب جعفری
قم مقدسہ ایران
Jun 24,2025
01:08 PM